اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کے 22 ارب روپے صارفین سے وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے، گیس کے میٹر کا ماہانہ کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں قدرتی گیس کے گھریلو صارفین کیلئے بری خبر ہے کیونکہ ای سی سی نے گیس میٹرز کا رینٹ 20 سے بڑھا کر 40 روپے کر دیا۔ صارفین سے گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس کے پرانے واجبات بھی وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران جے آئی ڈی سی کے ایک تہائی واجبات بھی وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، اس مد میں 22 ارب روپے وصول کیئے جائیں گے۔ سٹیل ملز ملازمین کیلئے گولڈن ہینڈ شیک پلان منظور کیا گیا ہے، ای سی سی نے گولڈن ہینڈ شیک کیلئے 19 ارب 65 کروڑ روپے فنڈز کی منظوری دیدی۔
سٹیل ملز کے 49 فیصد ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک ملے گا، سٹیل ملز کے نان پٹیشنرز ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 11.6 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔