نگران وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published On 11 November,2023 10:45 pm

ریاض: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات، ملاقات او آئی سی اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ مفید اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مسئلہ فلسطین کے حق میں سعودی عرب کی کاوشوں کو سراہا، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف او آئی سی اجلاس بروقت بلانے پر وزیراعظم نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بی آر آئی منصوبے سے چین، پاکستان سمیت پورا خطہ ترقی کرے گا: نگران وزیراعظم

دونوں رہنماؤں نے معصوم اور مقید فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی مظالم اور بربریت روکنے کے لیے فوری عالمی اشتراک کو ضروری قرار دیا، دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی بربریت سے متاثرہ لوگوں تک بروقت انسانی اور طبی امداد پہنچانے کے لیے غزہ کے محاصرے کے فوری خاتمے پر زور دیا۔

نگران وزیراعظم نے اسرائیل کی جانب سے ہسپتالوں، سکولوں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے 10 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے، نگران وزیراعظم نے اسرائیل فلسطین تنازع کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے تکنیکی سطح کے مذاکرات ختم، ایف بی آر نے ٹیکس محصولات پر بریفنگ دی

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستوں کے قیام میں پنہاں ہے، مسئلے کا حل خودمختار، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کی سرحدیں 1967ء سے قبل کی مطابقت میں ہوں، القدس اس آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہئے۔

ملاقات میں دو طرفہ پاک سعودی عرب تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر مفید اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے دوطرفہ تعلقات مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا۔