معاشی بہتری اورقانون سازی کیلئے حکومتی کمیٹیاں تشکیل

Published On 22 March,2024 05:47 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز)وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے معاشی بہتری اور قانون سازی کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں، کابینہ ڈویژن نے تمام کمیٹیوں کی تشکیل کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی میں وزیر خزانہ، وزیر اقتصادی امور، وزیر تجارت، وزیر پاور، وزیر پٹرولیم اور وزیر پلاننگ ای سی سی کے رکن ہوں گے۔

وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی تشکیل نو بھی مکمل کرلی، وزیر اعظم خود کابینہ کی توانائی کمیٹی کی صدارت کریں گے، وزیر اقتصادی امور، وزیر خزانہ، وزیر پٹرولیم، وزیر پلاننگ اور وزیر پاور کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی برائے چینی سرمایہ کاری منصوبے کا بھی اعلان کردیا، وزیر پلاننگ، ڈویلپمنٹ اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، وزیر خزانہ، وزیر تجارت، وزیر پٹرولیم، وزیر پاور، وزیر ریلوے اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

وزیر اعظم نے کابینہ کمیٹی برائے سرمایہ کاری تشکیل دے دی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے وزیر خزانہ، وزیر تجارت، وزیر پاور، وزیر صنعت و پیداوار اور وزیر نجکاری کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی کمپنیاں تشکیل کی منظوری دی، کمیٹی کے چیئرمین وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ہوں گے، وزیر میری ٹائم افیئرز، وزیر اقتصادی امور، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی، وزیر ہاؤسنگ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

وزیر اعظم نے کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل آف لیجسلیٹو کیسز کا بھی اعلان کردیا، وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، وزیر اطلاعات و نشریات، وزیر اوورسیز پاکستانیز، وزیر تجارت، وزیر اقتصادی امور اور وزیر صنعت و تجارت کمیٹی کے رکن ہوں گے، کابینہ ڈویژن نے تمام کمیٹیوں کی تشکیل کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے۔ 

Advertisement