ریکوڈک سرمایہ کاری پلان: وزیر اعظم کے ساتھ وزیر خزانہ بھی سعودیہ عرب جائیں گے

Published On 05 April,2024 02:21 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز ) ریکوڈک میں سرمایہ کاری پلان لے کر وزیر اعظم کے ساتھ وزیرخزانہ محمداورنگزیب بھی سعودیہ عرب جائیں گے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم کیساتھ وزیرخزانہ اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی ہمراہ ہوں گے، دورہ سعودیہ عرب کے دوران وزیرخزانہ سرمایہ کاری کیلئے مراعات پر بریفنگ دیں گے، سعودیہ عرب کو ریکوڈک میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات بھی دی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکوڈک میں سعودیہ عرب کی سرمایہ کاری کی ٹرانزکشن کا والیم سب سے بڑا ہو گا، ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے ریکوڈک میں بڑی سرمایہ کاری لائی جا رہی ہے ۔

وزیرخزانہ نے ریکوڈک میں سعودیہ عرب کی سرمایہ کاری کیلئے وزیراعظم کو آگاہ کیا، وزارت توانائی، وزارت خزانہ، سرمایہ کاری بورڈ نے وزیراعظم کو مکمل پلان دیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے ایس آئی ایف سی کو بھی اعتماد میں لیا گیا، سعودیہ عرب کے دورہ پر ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے قائم کمیٹی ممبران بھی ساتھ ہوں گے جن میں وزارت خزانہ، توانائی، او جی ڈی سی ایل حکام شامل ہیں۔

واضح رہےاس سے قبل وزارت خزانہ سعودی عرب کی جانب سے ریکوڈک پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی نوید سنا چکا ہے۔

Advertisement