5 وفاقی وزراء کو اضافی قلمدان تفویض، 3 نئے کوآرڈی نیٹرز تعینات

Published On 03 April,2024 10:04 pm

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 5 وفاقی وزراء کو مختلف وزارتوں کے اضافی قلمدان سونپ دیئے جبکہ 3 نئے کوآرڈینیٹر تعینات کردیئے۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین کو وزارت مذہبی امور کا اضافی قلمدان سونپ دیا، وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کو وزارت مواصلات کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی نئے ٹیلنٹ کے حصول کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت

وفاقی وزیر صنعت و پیدوار رانا تنویر حسین کو وزارت غذائی تحفظ و تحقیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کا اضافی قلمدان دے دیا گیا، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک کو وزارت آبی وسائل کا اضافی چارج مل گیا۔

کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے تین نئے کوآرڈینیٹر مقرر کر دیئے، رانا احسان افضل، رومینہ خورشید عالم ماحولیاتی تبدیلی اور شبیر احمد عثمانی امور کشمیر و گلگت بلتستان وزارت کے کوآرڈینیٹر ہوں گے۔
 

Advertisement