وزیراعظم کی خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری کیلئے وزارتوں کو روابط میں بہتری کی ہدایت

Published On 02 April,2024 09:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ تمام وزارتیں خلیجی ممالک کے ساتھ ایم اویوز پر پیش رفت کیلئے روابط میں مزید بہتری لائیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، ایس آئی ایف سی کے تحت خلیجی ممالک سے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ چیلنجز کو مواقع میں بدلنے کیلئے غیرملکی سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی، وزارتوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جدت اور تحقیق کیلئے خصوصی سیلز قائم کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی 5 سال میں ملکی برآمدات دوگنا کرنے کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت

شہبازشریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے قیام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے، وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی استعداد رکھنے والے منصوبوں کی فزیبیلٹی سٹڈی کرانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں، جو منصوبے سرمایہ کاری کیلئے پیش کئے جائیں ان کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے مظفرگڑھ، لیہ اور جھنگ میں شمسی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تمام تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کر دی، وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک سے گوادر بندرگاہ تک ریلوے کنیکٹوٹی کیلئے فزیبیلٹی سٹڈی کروائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پاکستان چینی انجینئرز کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرے گی: وزیر اعظم

وزیراعظم نے کہا کہ چنیوٹ آئرن اور منصوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں، تھر کول پاور پلانٹس تک رسائی کیلئے ریلوے لائن پر کام شروع کیا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گوادر پورٹ کی ڈریجنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد بڑے بحری جہاز لنگر انداز ہو سکتے ہیں، خلیجی ممالک سے مختلف شعبوں میں کثیر سرمایہ کاری متوقع ہے۔
 

Advertisement