معین خان کو کرکٹ ٹیم کا چیف سیلکٹر بنا دیا گیا

Published On 21 Apr 2014 09:35 PM 

پاکستان کرکٹ بورڈ میں بطور منیجر، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ ناکامی کے بعد اب سابق کپتان کو چیف سلیکٹر، منیجر اور کوچ کمیٹی کا ممبر بنا دیا گیا ہے۔

لاہور: (دنیا نیوز) لگتا ہے پی سی بی میں نجم سیٹھی اور معین خان ایک ایک اور دو گیارہ ہیں یعنی چڑیا والے صاحب کی آشیر باد سے سلیکٹر، منیجر، ہیڈ کوچ سب معین خان ہیں۔ دبئی سے بنگلا دیش کا سفر بھی ناکام ہوا تو باس نے اپنے کھلاڑی کو ہارنے نہیں دیا۔ سابق کپتان کو اب چیف سلیکٹر، منیجر اور کوچ کمیٹی کے ممبر ہونے کا ہار گلے ڈال دیا گیا ہے۔ یعنی کون کون سا کھلاڑی قومی سکواڈ کا حصہ بنے گا، ان میں سے کون سے گیارہ کھیلیں گے اور پھر کون انہیں کوچ کرے گا یہ سب کھیلنا کھیلانا معین خان کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔ اس "ون مین شو" کے ہیرو کی کارکردگی بلکہ "حسن کارکردگی " یہ ہے کہ جناب جب منیجر بنے تو ٹیم زمبابوے جیسی کمزور حریف سے ٹیسٹ کرکٹ کے امتحان میں فیل ہوئی۔ ایک روزہ میچ بھی گرین شرٹس کو میزبان بے بی ٹیم کے ہاتھوں شکست کی کڑوی گولی نگلی۔ کوچ بنے تو پاکستان پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہ کرسکا تھا۔ سب سے حیران کن پہلو یہ ہے کہ چیئرمین نجم سیٹھی نے ذکاء اشرف کے منتخب کردہ عامر سہیل کو چیف سلیکٹر کے عہدے سے اس لئے فارغ کیا تھا کہ وہ بغیر اشتہار کے لائے گے لیکن اس بار یہی کام نجم سیٹھی نے اپنے ہاتھوں سے کر ڈالا یعنی بغیر اشتہار کے اپنے چہیتے معین کو چیف سلیکٹر اور منیجر کا عہدہ تھما دیا گیا۔ معین خان سے نجم سیٹھی کی اس لو سٹوری میں ہر دلعزیز کھیل کرکٹ کافی ہرٹ ہو رہی ہے۔ دوسرے موصوف ہیں ظہیر عباس جن سے قومی ٹیم کی بیٹنگ تو ٹھیک نہ ہو سکی البتہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے انہیں اپنا مشیر خاص مقرر کیا ہے۔