پلے آف مرحلہ: کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 155 رنز کا ہدف

Last Updated On 18 March,2018 10:53 pm

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے پہلے پلے آف میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیتنے کے لیے 155 رنز درکار ہیں۔دبئی میں کھیلے جا رہے پلے آف میں کراچی کنگز کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے کیا تاہم اوپنرخرم منظور اور بابر اعظم جلد پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان این مورگن نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم وہ بھی صرف 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جوئے ڈینلی اور کولن انگرام نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کولن انگرام نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو اس میچ میں کپتان مصباح الحق کی خدمات حاصل نہیں جو کلائی کی انجری کا شکار ہیں اور ان کی جگہ جین پال ڈومینی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ آج کے میچ میں جو ٹیم کامیاب ہوگی وہ فائنل کے لیے کراچی کی اڑان بھرے گی۔ اور ہارنے والی ٹیم کو ایونٹ میں رہنے کے لیے ایک اور موقع ملے گا، جو دوسرے کوالیفائینگ میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔

 

یاد رہے کہ دوسرا کوالیفائنگ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان 20 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ اس میگا ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔