پنجاب حکومت کا قومی ویمن کرکٹ ٹیم کو بائیکس دینے کا اعلان

Last Updated On 30 April,2018 04:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو کسٹمائزڈ موٹر بائیکس دینے کا اعلان کیا ہے۔ اعلان سن کر ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

کراچی میں پنجاب حکومت کے اسٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کے تحت پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ مقامی ہوٹل میں منعقد تقریب میں ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں، جنرل منیجر، کوچ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ڈی جی ایس آر یو سلمان صوفی نے سری لنکا کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے پر ٹیم پاکستان کو سراہا۔ انہوں نے ویمن کرکٹ کھلاڑیوں کو اسٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کے ویمن ایمپاورمنٹ پروگرام ویمن آن وہیلز کا حصہ بننے کی دعوت دی۔

ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے موٹر بائیکس دینے کا اعلان بھی کیا۔ ویمن کرکٹ ٹیم پلیئرز موٹر بائیکس ملنے کی نوید سن کر پھولی نہ سمائیں۔ سلمان صوفی نے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور تحائف بھی تقسیم کیے۔ جس پر کھلاڑیوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔