ایشیا کپ: پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست

Last Updated On 19 September,2018 11:22 pm

دبئی: (دنیا نیوز) بیٹنگ کے بعد پاکستان ٹیم کی باؤلنگ بھی فیل، عامر نے پھرتی دکھائی نہ حسن علی کی ورائٹی کام آئی۔ بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا کر گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

دبئی میں جاری ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان کے 163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی شاندار بلے بازی، 29 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 43 اعشاریہ 1 اوور میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ 

 شاہینوں کے 163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شکھر دھون نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا۔ کپتان روہت شرما 39 گیندوں پر 52 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے اور کلین بولڈ ہوئے۔ روہت شرما نے پاکستانی باؤلنگ اٹیک کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پر اعتماد انداز میں بلے بازی کی۔ شکھر دھون 54 گیندوں پر 46 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد امباتی رائڈو اور دنیش کارتھک نے ذمہ داری سنبھالی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ 

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مین آف دا میچ کا ایوارڈ بھونیشور کمار کے نام رہا۔ 

اس سے قبل پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن امام الحق 2 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں اوور میں پاکستان کے دوسرے اوپنر فخر زمان بھی بھونیشور کمار کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، فخر زمان نے 9 گیندیں کھیل کر صفر سکور کیا۔ دونوں اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنبھالا اور پاکستان کا سکور 85 رنز تک پہنچایا۔ بابر اعظم 47 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی اور باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ منیش پانڈے نے ان کا شاندار کیچ پکڑا اور 6 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ 100 کے مجموعی سکور پر شعیب ملک بھی 43 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ آصف علی بھی 9 رنز بنا کر کیدار جادھو کا شکار بنے۔

شاداب خان 121 کے مجموعی سکور پر 8 رنز بنا کر کیدار جادھو کی گیند پر سٹمپڈ آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف نے 22 رنز بنائے، نویں وکٹ پر حسن علی مجموعی سکور میں 1 رن کا اضافہ کر کے پولین واپس لوٹ گئے۔ عثمان شنواری بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عامر 18 سکور بنا کر ناقابل شکست رہے۔ شعیب ملک اور بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی بلے باز متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا۔

بھارت کی جانب سے بھونیشوار کمار اور کیدار جادھو نے 3، 3، جسپریت بھمراہ نے دو اور کلدیپ یادیو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ کے دوران بھارت کے اہم آل راؤنڈر ہردک پانڈیا اٹھارویں اوور میں انجری کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی طرف سے ان کے معائنے کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ہردک کی کمر میں شدید چوٹ آئی ہے اور وہ اس وقت کھڑے ہونے کے قابل نہیں ہیں۔

بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کی ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر اور عثمان خان شنواری پر مشتمل تھی جبکہ بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شیکر دھون، امباتی روئیڈو، کیدر جادیو، دنیش کارتھک، مہندرا سنگھ دھونی، ہاردک پانڈیا، کلدیپ یادیو، یزویندرا چاہل، بھونیشور کمار اور جیسپرت بھمبرا شامل تھے۔

Advertisement