ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے شرجیل کا عدالت سے رابطہ

Last Updated On 14 October,2018 07:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکلوانے کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

درخواست گزار شرجیل خان نے پی سی بی، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹر ہیں اور وزارت داخلہ نے غیر قانونی طور پر ان کا نام ای سی ایل لسٹ میں شامل کیا ہوا ہے جس کے سبب وہ عمرے کی سعادت کے علاوہ اپنے بھائی سے ملاقات کیلئے جانے سے بھی محروم ہیں۔ پانچ سالہ پابندی کے شکار کرکٹر کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔