نظریہ اقبال سے نئی نسل کو روشناس کروانا اصل مقصد ہونا چاہئے: شاہد آفریدی کا ٹویٹ

Last Updated On 08 November,2018 04:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی نے علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش کے حوالے سے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ اُن کے نظریے پر عمل پیرا ہونا علامہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا اصل طریقہ ہے، سکولوں میں چھٹی کی بجائے خصوصی تعلیمی و آگاہی سیشنز منعقد کئے جائیں جن کے ذریعے نئی نسل کو علامہ اقبالؒ کی تعلیمات سے روشناس کروایا جائے۔

شاہد آفریدی نے بچوں کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارے پیارے وطن پاکستان کا مستقبل ہیں، ان کا تعلیمی سلسلہ جاری رہنا علامہ اقبالؒ کے نظرئیے کے عین مطابق ہے، ایسے میں چھٹی منانے کی بجائے اقبال کے پیغام کو بچوں تک پہنچانا اقبال ڈے کا حقیقی مقصد ہونا چاہئے۔

یاد رہے کل 9 نومبر علامہ اقبال کی پیدائش کا دن ہے اور اقبال ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے، چند سال قبل اقبال ڈے پر سرکاری تعطیل ہوتی تھی جو حکومت نے بعد ازاں معطل کر دی۔ 6 نومبر کو قومی اسمبلی میں 9 نومبر کی چھٹی بحال کرنے کیلئے قرارداد بھی پیش کی گئی جس کی حکومتی و اپوزیشن ارکان نے مخالفت کی۔