ابوظہبی ٹیسٹ: شاہینوں کی عمدہ بیٹنگ، اظہر علی اور اسد شفیق کی سنچری‌

Last Updated On 05 December,2018 03:59 pm

ابوظہبی: (دنیا نیوز) ابوظہبی ٹیسٹ کے فیصلہ کن معرکے کے تیسرے روز شاہینوں نے 139 سکور 3 وکٹوں کے نقصان پر بیٹنگ کا آغاز کیا. اظہر علی اور اسد شفیق نے سنچریاں بنائیں. 118 ویں‌ اوور میں‌پاکستان کا مجموعی سکور 312 تھا.

تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو قومی ٹیم کے بلے باز اظہر علی اور اسد شفیق نے 139 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا۔  اظہر علی 134 رنز بنا کر سومرویل کی گیند پر آوٹ ہوئے جبکہ اسد شفیق نے 104 رنز بنائے اور پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ان کے بعد بابر اعظم اور سرفراز احمد نے کریز سنبھالی اور 118 ویں اوور تک سکور 312 تک پہنچا دیا۔

گذشتہ روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 274 رنز ہی بنا سکی اور آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے کیا تاہم حفیظ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق صرف 18 رنز بناسکے تھے تاہم اظہر علی نے نصف سنچری سکور کرکے پاکستان کو سنبھالا دیا تھا۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اب تک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرایا تھا جب کہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دی تھی۔
 

Advertisement