لاہور قلندرز کے لیے ایک اور بڑا جھٹکا، اے بی ڈویلئرز کراچی نہیں آئیں گے

Last Updated On 05 March,2019 12:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز کے لیے ایک اور بڑا جھٹکا، کپتان اے بی ڈویلئرز نے فٹنس کو بہانہ بنا لیا، کراچی نہیں آئیں گے۔

لیگ فور میں لاہور قلندرز کے دیوانوں کے لیے ایک اور بری خبر، کپتان اے بی ڈویلیئرز نے کراچی آ کر کھیلنے سے معذرت کر لی، ٹیم انتظامیہ نے بھی تصدیق کر دی۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز نے فٹنس مسائل کو بہانہ بنایا، جس سے سات میں سے تین میچز جیتنے کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے قلندرز کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

لاہورقلندرز کی ٹیم پہلے تینوں ایڈیشنز میں آخری نمبر پر رہی، اس سے پہلے کپتان محمد حفیظ انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے ہی باہر ہو گئے تھے۔ قلندرز کو اس سے بھی بڑا دھچکا اس وقت لگا جب لاہور میں شیڈول میچز کراچی منتقل کر دیئے گئے یعنی ٹیم لاہور کی اپنے شہر کھیلنے کی حسرت پوری نہیں ہو سکے گی۔