وفاقی کابینہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری دے دی

Last Updated On 11 August,2019 02:57 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی کابینہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری دے دی جس کے تحت اب ڈومیسٹک کرکٹ میں اداروں کی ٹیموں کا کردار ختم ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس جون میں بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے سفارش کی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئین منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گزشتہ روز کئی اہم فیصلے کئے گئے جن میں پی سی بی کے آئین کی منظوری بھی شامل تھی جس کا مسودہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے وفاقی کابینہ کو حتمی منظوری کیلئے ارسال کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے نئے آئین کی منظوری کے بعد ملکی کرکٹ میں اداروں کی ٹیموں کا فعال کردار ختم ہو گیا ہے جن کی ٹیمیں اب فرسٹ کلاس کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گی البتہ انہیں چھ ٹیموں کو سپانسر کرنے کا حق حاصل ہوگا۔

پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی ڈومیسٹک کرکٹ کو اداروں کے بجائے علاقائی بنیادوں پر استوار کرنے کے حامی تھے جنہوں نے ملکی کرکٹ میں آسٹریلین طرز پر چھ فرسٹ کلاس ٹیموں کا نظام رائج کرنے کی ہدایت کی تھی۔ نئے آئین کے تحت پنجاب، جنوبی پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کیپیٹل ایریاز کے نام سے 6 ٹیمیں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلیں گی اور ہر ریجن کی ایک، ایک ٹیم گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی جس کے میچز تین روز پر مشتمل ہوں گے۔

واضح رہے کہ نئے آئین کی منظوری کے نتیجے میں بعض دیگر اہم فیصلوں کیلئے بھی راہیں ہموار ہو گئی ہیں۔