’ریکارڈ توڑنے سچن دیکھو ویرات آ رہا ہے‘

Last Updated On 09 September,2019 03:37 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شین وارن کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی سابق عظیم بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ جلد توڑ دیں گے۔ اتنا کہوں گا کہ سچن دیکھو، ویرات آ رہا ہے۔

ماضی کے عظیم بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے کیریئر میں 51 ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں 49 سینچریاں بنا رکھی ہیں اور مجموعی طور پر 100 سینچریاں بنا کر رکارڈ قائم کیا ہے۔ بھارتی سابق بیٹسمین نے نے ریکارڈ 200 ٹیسٹ اور 463 ایک روزہ میچز کھیل کر قائم کیا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کے سابق سپنر شین وارن کا کہنا ہے کہ سچن ٹنڈولکر کا رکارڈ ایک بیٹسمین توڑ سکتا ہے اور وہ ہے ویرات کوہلی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کوہلی جنہوں نے ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 68 سنچریاں بنا لی ہیں جلد ریکارڈ توڑ دینگے۔ ٹنڈولکر کا ریکارڈ خطرے میں ہے اور اگر سچن سے پوچھا جائے گا کہ آیا کوہلی ان کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں تو یقیناً اس کا جواب ہاں میں دیں گے۔

سابق سپنر کا کہنا تھا کہ یہ بہت دلچسپ صورت حال ہو گی، میں کہتا ہوں سچن دیکھو، ویرات آ رہا ہے۔ اگر کرکٹ کے تمام فارمیٹس کی بات کی جائے تو کوہلی سب سے بہترین بیٹسمین ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلوی سٹیو سمتھ کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

شین وارن کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ جوں جوں بڑھتی جائے گی آسٹریلیا کے سابق کپتان سٹیو سمتھ اور بھارتی رنز مشین کوہلی میں مقابلہ سخت ہوتا چلے جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اگر کہا جائے کہ ٹیسٹ میچوں میں کس کھلاڑی کا انتخاب کروں تو میں اتنا کہوں گا کہ میرے لیے بہترین چوائس سمتھ ہیں سمتھ کی غیر موجودگی میں کوہلی کیساتھ بھی خوشی محسوس کروں گا کیونکہ وہ بھی ایک لیجنڈ کے طور پر سامنے ائے ہیں۔

سابق لیگ سپنر کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں سابق ویسٹ انڈین بیٹسمین ویون رچرڈ کو عظیم ترین بیٹسمین پایا شاید ہر طرح کی کرکٹ میں وہ بہترین بیٹسمین کے طور پر سامنے آئے تھے لیکن جس رفتار سے بھارتی بیٹسمین جا رہے ہیں وہ سب کو پیچھے چھوڑ کر آگے نکل گئے ہیں۔

یاد رہے کہ وراٹ کوہلی نے 79 ٹیسٹ میچز میں 25 اور 239 ایک روزہ میچز میں 43 سینچریاں بنائی ہیں۔ آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ نے 66 ٹیسٹ میچز میں 25 سینچریاں اور 118 ون ڈے میچز میں 23 سینچریاں بنا رکھی ہیں۔
 

Advertisement