سکیورٹی مسئلہ نہیں، پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے: ڈپٹی چیئر مین آئی سی سی

Last Updated On 07 October,2019 03:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز)ڈپٹی چیئر مین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، کھیلوں کے لیے پاکستان محفوظ ملک ہے۔

لاہور میں چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، ایک بار پھرعالمی سپورٹس کا آغاز ہو چکا ہے۔ پی سی بی کومبارکباد دیتا ہوں میچزکے لیے بہت محنت کی۔

ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی کا کہنا تھا کہ دس سال قبل سری لنکن ٹیم کے ساتھ افسوسناک واقع پیش آیا تھا، آئی سی سی نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے بہت سوچ بچار کی، زمبابوے، ویسٹ انڈیز، ورلڈ الیون اور سری لنکن ٹیم پاکستان میں کھیل چکے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کیلئے بھرپور اقدامات کیے گئے، میرے سے بہت لوگوں نے پوچھا کہ پاکستان میں کیسے انتظامات ہیں، میں نے سب کو ایک لفظ میں جواب دیا کہ پرفیکٹ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس موقع پر چیئر مین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ ڈپٹی چیئر مین آئی سی سی عمران خواجہ کی آمد پربہت خوش ہوں، ہم سری لنکا کےکھلاڑیوں کی کوششوں کےشکرگزار ہیں، انگلینڈ اور ویلزکرکٹ بورڈ کےچیئرمین بھی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ آسٹریلیا کےکرکٹ عہدیداربھی پاکستان کا دورہ کرنیوالے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سب لوگ دیکھیں گے کہ پاکستان کھیلوں کے لیےمحفوظ ملک ہے، دو ہفتےقبل بین الاقوامی بورڈ ممبران نے پاکستان کا دورہ کیا۔