لاہور: (علی مصطفیٰ) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں عمر اکمل پہلے ہی گیند پر صفر پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس سیریز میں مڈل آرڈر بیٹسمین دوسری مرتبہ گولڈن ڈک آؤٹ ہوئے۔ اس طرح عمر اکمل ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین محدود طرز کی بیٹنگ میں 10 بار صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں، سری لنکا کے دلشان بھی 10 بار صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ عمر اکمل 3 سال بعد سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں واپس ائے تھے، آخر بار 27 ستمبر 2016ء کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے تھے۔
مڈل آرڈر بیٹسمین نے 84 میچوں میں 1690 سکور بنا رکھے ہیں، 26.82 کی اوسط سے سکور کرنے والے عمر اکمل کے کیریئر میں 8 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا بہترین سکور 94 ہے جو کینگروز کے خلاف 2014ء کے ورلڈکپ میں بنایا تھا۔
سیریز سے قبل ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں واپسی کے لیے بہت محنت کی ہے، تین سال کے عرصے میں اپنی فٹنس اور سکلز میں بہتری لانے پر پوری کوشش کی۔