قومی ٹی ٹونٹی کپ: ناردرن نے سندھ کو با آسانی شکست دیدی

Last Updated On 17 October,2019 11:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی کپ ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں ناردرن نے سندھ کو با آسانی ہرا دیا، شاندار باری کھیلنے پر سہیل اختر مرد میدان قرار پائے۔

فیصل آباد میں کھیلے جانے والے 10 ویں میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عمر امین اور علی عمران نے کیا۔ علی عمران نے اننگز کا آغازاچھا اور پہلی ہی گیند پر چوکے لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کیے تاہم دوسری گیند پر ان کے ارمانوں پر پانی پھر گیا جب سہیل خان نے شاندار گیند پر انہیں پویلین بھیجا، سرفراز احمد نے کیچ تھاما۔

ون ڈاؤن آنے والے سہیل اختر اور عمر امین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، عمر امین نے 25 گیندوں پر 36 رنز بنائے، مرزا احسن جمیل کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے، آصف علی نے اس بار بھی جارحانہ انداز اپنایا اور 16 گیندوں پر 30 سکور کی باری کھیلی، محمد نواز کی باری 13 تک محدود رہی۔

دوسرے اینڈ پر موجود سہیل اختر نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 36 گیندوں پر 63 رنز بنا کر مرزا احسن جمیل کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، ان کی اس اننگز میں 3 چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔

عماد وسیم نے 19 گیندوں پر 27 کی باری کھیلی، ناردرن نے مقررہ اوورز میں 191 رنز بنائے، محمد حسنین نے دو، سہیل خان، کاشف بھٹی، انور علی، مرزا احسن جمیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سندھ کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز خرم منظور اور احسن علی نے کیا، جارحانہ انداز آغاز کا اس وقت اختتام ہوا جب 44 رنز پر خرم منظور 16 سکور پر پویلین لوٹ گئے، احسن علی نے 29 رنز کی باری کھیلی، اسد شفیق 17، سعد علی2، سرفراز احمد 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دیگر کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا، سعود شکیل 15، انور علی5، سہیل خان 12، کاشف بھٹی6 رنز بنا سکے، سندھ کی پوری ٹیم 125 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ناردرن کی طرف سے شاداب خان نے تین، محمد عامر نے دو شکار کیے، حارث رؤف، محمد نواز، عماد وسیم، سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں بہترین اننگز کھیلنے پر سہیل اختر کو مرد میدان قرار دیا گیا۔
 

Advertisement