پی سی بی نے ٹی 10 لیگ کیلئے جاری این او سی منسوخ کر دیئے

Last Updated On 23 October,2019 09:08 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ ہونے والی ٹی ٹین لیگ کیلئے ملکی کھلاڑیوں کو جاری کیے گئے این او سی منسوخ کر دیئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق پی سی بی کی جانب سے این او سی منسوخ کیے جانے کے بعد 14 پاکستانی کھلاڑی لیگ میں شرکت سے محروم ہونگے، کھلاڑیوں کا ورک لوڈ اور قائداعظم ٹرافی مں پلیئرز کی شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو جاری کیے گئے مشروط این او سی منسوخ کردیے ہیں۔

یاد رہے کہ 15 نومبر سے ابوظہبی میں شروع ہونے والی ٹی 10 لیگ میں پاکستان کے 16 کرکٹرز نے شرکت کرنا تھی جس میں 14 کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کسی معاہدے میں نہیں اس لیے ان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہوتا۔

پی سی بی کے اس فیصلے کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان قلندرز کی ٹیم کو ہوگا جس کے 6 کھلاڑی لیگ میں شرکت نہیں کرپائیں گے۔ متاثر ہونے والے کھلاڑیوں میں فاسٹ باؤلر محمد حسنین، آل راؤنڈرز عماد وسیم، فہیم اشرف، سہیل اختر،فاسٹ باؤلر حارث روف اور مرزا احسن شامل ہیں۔ شاہد آفریدی اور عمران نذیر قلندرز کو دستیاب ہوں گے جب کہ پلیئرز ڈولپمنٹ پروگرام کے 4 کرکٹرز بھی قلندرز کے لیے کھیل سکیں گے۔

دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں فاسٹ باؤلر محمد عامر ابو ظہبی، آل راؤنڈر شعیب ملک، سہیل تنویر اور عامر یامین دلی بلز کا حصہ تھے۔ محمد عرفان مراٹھا عریبین، انور علی دکن گلیڈی ایٹرز اور وہاب ریاض ناردن واریئرز کی جانب سے منتخب ہوئے تھے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور صحت کا جائزہ لینے کے لیے 13 سے 25 نومبر تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کیمپ ہو گا جبکہ قائداعظم ٹرافی کے ساتویں اور دسویں راؤنڈ کے میچز 11 نومبر سے 5 دسمبر کے درمیان جاری رہیں گے۔ ایونٹ کا فائنل میچ 9 سے 13 دسمبر تک کراچی مں کھیلا جائے گا۔
 

Advertisement