قومی ٹی ٹونٹی: پختونخوا نے سینٹرل پنجاب کو ایونٹ سے آؤٹ کر دیا

Last Updated On 22 October,2019 09:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں کھیلے جانے والے قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں خیبرپختونخوا نے سینٹرل پنجاب کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ فخر زمان مین آف دی میچ کا ایوارڈ لے اُڑے۔ میچ ہارنے کے باعث سنٹرل پنجاب کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں کے پی کے کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، احمد شہزاد اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ احمد شہزاد 10 رنز بنا کر عرفان اللہ شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے، کامران اکمل بھی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور 14 گیندوں پر 18 رنز بنا کرچلتے بنے۔

اس دوران بابر اعظم نے اپنے کزن عمر اکمل کے ساتھ مل کر رنز تیزی سے آگے بڑھائے، دونوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے، بابراعظم اور عمر اکمل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ د ونوں کے درمیان 111رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔

اوپنر بابراعظم نے 56گیندوں پر 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اننگز میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ عمراکمل نے37 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 53رنز بنائے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔ عرفان اللہ شاہ اور محمد محسن نے 1،1 کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کے پی کے کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، خیبرپختونخوا کے ابتدائی 2 کھلاڑی 48 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد فخر زمان اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

 

دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کی شراکت کے لیے 62 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے نوجوان بلے باز خوشدل شاہ نے 26 گیندوں پر برق رفتار 46 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلوادی۔ 54 گیندوں پر ناقابل شکست 82 رنز سکور کرنے والے فخر زمان خیبرپختونخوا کی جانب سے ٹاپ سکورر رہے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

خیبرپختونخوا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 2 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سینسیم شاہ، ظفر گوہراور عثمان قادر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ میچ میں ناکامی کے باعث سنٹرل پنجاب کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
 

Advertisement