پنجاب : مفت ادویات کی گھروں میں ڈلیوری کے منصوبہ میں نقائص سامنے آگئے

Published On 25 April,2024 11:27 am

لاہور : (دنیانیوز) پنجاب حکومت کی مفت ادویات کو گھروں تک پہنچانے کے منصوبے میں نقائص سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق دیہاتوں میں مقیم مریضوں تک مفت ادویات نہیں پہنچ سکیں گی، کوریئر کے ذریعے مفت ادویات کی فراہمی صرف بڑے شہروں تک ہوگی، نجی کوریئر کمپنی نے پنجاب حکومت کو آگاہ کردیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ دیہاتوں میں بسنے والے مریض حکومتی سہولت سے محروم رہیں گے، پنجاب حکومت نے نجی کوریئر کمپنی سے ادویات گھروں تک پہنچانے کی خدمات حاصل کیں، نجی کوریئر کمپنی کے شہروں تک محدود ہونے پر منصوبے میں تبدیلی کی گئی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ امراض قلب، ٹی بی، ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو ادویات گھروں تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا، منصوبے کو دو فیز میں تقسیم کرنے کا پلان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے فیز میں ادویات شہروں کے مریضوں تک مفت پہنچیں گی جبکہ دوسرے فیز میں ادویات دیہاتوں کے مریضوں تک پہنچائیں گے، نجی کوریئر کمپنی سے معاہدہ پیپرا رولز کے مطابق کررہے ہیں۔


 

Advertisement