قومی ٹی ٹونٹی کپ: رنز کے انبار سمیت متعدد ریکارڈ بنے

Last Updated On 25 October,2019 09:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹی ٹونٹی کپ کا اختتام گزشتہ روز ہو گیا، اس ایونٹ کے دوران کافی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، اس دوران متعدد ریکارڈ بھی بنے، پنجاب کے بابراعظم ، احمد ٹورنامنٹ کے دوران سنچری بنانے والے کھلاڑی تھے۔

اقبال سٹیڈیم میں 10 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 674 مرتبہ گیند باؤنڈریز کے باہر گئی، جس میں 484 چوکے اور 190 چھکے شامل تھے۔

190 میں 30 فیصد چھکے ناردرن کے بلے بازوں نے جڑے، جس میں مڈل آرڈر بلے باز آصف علی نے مرکزی کردار ادا کیا، فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے آصف علی جو ایونٹ کے دوران ’’لوکل بوائے‘‘ کے نام سے مشہور ہوئے، انہوں نے ناردرن کی جانب سے لگائے گئے 56 میں سے 19 چھکے جڑے، انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران ایک اور اعزاز اپنے نام کیا، جس میں انہوں نے ایک اننگز میں 10 چھکے لگائے۔

ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوران دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم بلوچستان نے سب سے زیادہ 109 چوکے لگائے۔

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوران 18 میچوں میں 5448 رنز کیے گئے، جس میں 26 نصف سنچریاں اور 2 تھری فیگر اننگز شامل تھیں، ایونٹ کے دونوں سنچریاں سنٹرل پنجاب کے بلے بازوں کے نام رہیں جس میں بابر اعظم اور احمد شہزاد کے نام شامل ہیں۔

ایونٹ کے دوران فاسٹ باؤلر محمد عامر، سہیل تنویر، حارث رؤف، موسیٰ خان، عماد وسیم اور شاداب خان کی موجودگی میں ناردرن کے پاس ایونٹ کی سب سے مضبوط باؤلنگ لائن اپ تھی، جنہوں نے ایونٹ میں 59 بار حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ایونٹ میں کل 221 وکٹیں گریں۔

ایونٹ کے چیمپئن کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ناردرن کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں سے بہتر تھی، اور یہی وجہ ہے کہ جیت ہمارا مقدر بنی۔ ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی نے اس ایونٹ کو ایک انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سمجھ کر کھیلا۔

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں صرف ایک مرتبہ کسی باؤلر نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، یہ اعزاز خیبر پختونخوا کے فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری نے اپنے سر سجایا، انہوں نے یہ ریکارڈ ناردرن کی خلاف سیمی فائنل میں انجام دیا تاہم اس میچ میں وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے۔

6 میچوں میں 215 رنز اور وکٹوں کے عقب میں 6 شکار کرنے والے کے پی کے کپتان محمد رضوان کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے ایونٹ میں بیٹنگ میں بھی اپنے جوہر دکھائے اور دو نصف سنچریاں بنائیں۔

ایونٹ میں 14 وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کے تجربہ کار میڈیم پیسر سہیل تنویر کو بہترین باؤلر جبکہ 276 رنز بنانے والے بلوچستان کے اوپنر اویس ضیا نے ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

فیصل آباد میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں ناردرن کے روحیل نذیر کو ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔