لاہور: (علی مصطفیٰ) آئندہ سال پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے کے امکانات پیدا ہو گئے، بورڈ نے جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سیریز کیساتھ محدود اوور میچز کی میزبانی کی پیشکش کر دی جس کے بعد پروٹیز کی طرف سے گرین سگنل موصول ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں، اب تک سری لنکا، زمبابوے، ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیل چکی ہیں، اس دوران پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے متعدد میچز بھی پاکستان میں ہوئے جس کے بعد آئندہ ایڈیشن مکمل پاکستان میں کرایا جائے گا۔ آئندہ ماہ دسمبر میں لنکن ٹائیگر پانچ روزہ فارمیٹ کھیلنے کے لیے سونے میدان آباد کرنے آئیں گے۔ ٹیم میں سینئر کھلاڑی بھی آنے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔ یہ میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔
سری لنکا ٹیم کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے بڑی ٹیموں کو ملک میں لانے کی تیاریاں کر رہا ہے، اس کے لیے آسٹریلیا، انگلینڈ کو بھی دعوت ہوئی ہے، نئی پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا کو ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے دعوت دی ہے۔
جنوبی افریقا کیخلاف یہ سیریز آئندہ سال مارچ کے مہینے میں کھیلی جائے گی، اس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے ایک پیشکش کرکٹ ساؤتھ افریقن بورڈ کو بھیجی ہے۔ جس کے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے، اس کے بعد فوراً شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سائوتھ افریقہ ٹیم کے کھلاڑی جین پال ڈومینی، عمران طاہر سمیت دیگر کھلاڑی بھی چند سال قبل پاکستان میں کرکٹ کھیلنے آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ سیریز: سری لنکن ٹیم کے سینئر پلیئر پاکستان آنے کیلئے تیار
قومی ٹیم کے ایم ڈی وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی عملی طور پر واپسی ہو رہی ہے، کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز اور ٹی ٹونٹی سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکن بورڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی اپنی ٹیم بھیجے گا جس کا اعلان رواں ہفتے متوقع ہے۔
یاد رہے کہ بنگلا دیش کی انڈر 16 ٹیم بھی پاکستان میں حالیہ عرصے کے دوران سیریز کے لیے ملکی سونے میدان آباد کرنے آئی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس کامیاب دورے کے انعقاد کے بعد پرامید ہیں کہ بنگلا دیشی کی سینئر ٹیم بھی ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، یہ دورہ بھی آئندہ سال متوقع ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو بھی ایک تجویز بھیجی ہے، بورڈ کی طرف سے اس تجویزمیں بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی پیشکش کی گئی ہے۔