لاہور: (دنیا نیوز) اثاثوں کی چھان بین کے دوران پاکستان کرکٹرز بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نشانے پر آ گئے۔ ایف بی آر نے قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو نوٹس جاری کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں اثاثوں کی چھان بین کے معاملے پر ایف بی آر متحرک ہے، ادارے کی طرف سے اثاثے چھپانے پر محمد حفیظ کو نوٹس بھیج دیا گیا ہے، آل راؤنڈر نے زائد اثاثے ایف بی آر سے چھپائے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر محمد کا گزشتہ 5 سالہ آڈٹ کیا جا رہا ہے، ایف بی آر نے بینکوں سے کرکٹر کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے 17 کروڑ سے زائد کے اثاثے ظاہر نہیں کیے،ایف بی آر نے محمد حفیظ سے جواب طلب کر لیا۔
ایف بی آر کی طرف سے جواب طلب کیے جانے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نوٹس کا علم نہیں، ہرسال باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرنز جمع کراتا ہوں۔