آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کیپ ملنے پر نسیم شاہ آبدیدہ

Last Updated On 21 November,2019 07:04 pm

ملبورن: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ ٹیسٹ کیپ ملنے پر آبدیدہ ہو گئے۔ برسبین میں کھیلے جانیوالے میچ میں انہوں نے 16 سال کی عمر میں ڈیبیو کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نسیم شاہ نے فرسٹ کلاس کیریئر میں صرف چھ میچز کھیلے ہیں۔ انکا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے دیر سے ہے۔ انہیں دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا تو 11 نومبر کو اس وقت انکی والدہ کا انتقال ہوگیا جب وہ آسٹریلیا میں اپنا پہلا بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیلنے کے منتظر تھے۔ والدہ کے انتقال کے باوجود پاکستان واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا تھا تو پاکستان اور آسٹریلیا کی اے ٹیموں نے پریکٹس میچ میں سیاہ ربن باندھ کر نسیم شاہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

نسیم شاہ آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے نویں کم عمر ترین اور پہلے 16 سالہ کرکٹر ہیں۔ ان سے قبل پاکستان کے محمد عامر نے 2010-2009 میں 18 برس سے کم عمر میں آسٹریلیا میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پاکستان کی موجودہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل تیز ترین بولر ہیں۔

پی سی بی پیپسی سٹارز انڈر 16 ایک روزہ ٹورنامنٹ کی دریافت نسیم شاہ نے 13 سال کی عمر میں ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ اپنے پہلے ہی میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں اور کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ قومی سکواڈ میں شمولیت ان کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ ہر پروفیشنل کرکٹر ساری زندگی یہ دن دیکھنے کے لیے محنت جاری رکھتا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے ہمیشہ انہیں اپنی سٹرینتھ پر بولنگ کرنے کی ہدایت کی۔ دورہ آسٹریلیا میں بھی وہ اسی نسخے پر عمل کریں گے۔

دوسری طرف سابق آسٹریلین اسپیڈ اسٹار بریٹ لی بھی پاکستان کے نوجوان باؤلر نسیم شاہ کی باؤلنگ کے معترف ہو گئے ہیں۔ بریٹ لی کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اتنی کم عمری میں بہت سمجھ دار باؤلر ہے، نوجوان فاسٹ باؤلر گیند کو دونوں جانب سوئنگ کرانے کا فن جانتا ہے۔