انڈر 19 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان، نسیم شاہ بھی شامل

Last Updated On 06 December,2019 04:50 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آئندہ سال جنوبی افریقا میں ہونے والے انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، کپتانی کے فرائض وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر سنبھالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 2020ء کے انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے، پی سی بی کی طرف سے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے، ملتان کے 16 سالہ محمد شہزاد اور حال ہی میں دورہ آسٹریلیا سے واپس آنے والے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سلیم جعفر کا کہنا تھا کہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 17 جنوری سے 9 فروری 2020ء تک جنوبی افریقا میں کھیلا جائے گا۔ اس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بہترین پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

نیشنل جونیئر سلیکشن کمیٹی کی طرف سے ٹیم کا اعلان کیا گیا، انڈر 19 ٹیم کے اوپنر حیدر علی کو نائب کپتانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 میں دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن رہ چکا ہے، 2004ء اور 2006ء کے دوران گرین شرٹس میگا ایونٹ جیت چکی ہے جبکہ تین مرتبہ رنر اپ رہی ہے۔

پاکستان میگا ایونٹ کے دوران اپنا پہلا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف 19 جنوری کو کھیلے گا، دوسرے میچ میں قومی ٹیم زمبابوے کے مد مقابل ہو گی، یہ میچ 22 جنوری کو کھیلا جائے گا جبکہ گروپ سی میں قومی ٹیم اپنا آخری میچ 24 جنوری کو بنگلہ دیش کھیلے گی۔ اس گروپ کے دوران فتح حاصل کرنے والی دو ٹیمیں آئندہ راؤنڈ کے لیے ٹکٹ کٹوائیں گی۔

 قومی ٹیم کے سکواڈ میں اوپنرز کی ذمہ داری عبد الواحد بنگلزئی، حیدر علی اور محمد شہزاد نبھائیں گے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کا بوجھ محمد حارث، محمد ہریرہ، محمد عرفان خان اٹھائیں گے۔ وکٹ کیپر کے فرائض کپتان روحیل نذیر نبھائیں گے۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں قومی ٹیم کے پاس عباس آفریدی، فہد منیر اور قاسم اکرم موجود ہیں۔ سپنر کے لیے عامر علی، اریش علی خان کو منتخب کیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلرز میں عامر خان، نسیم شاہ اور طاہر حسین توجہ کا مرکز ہوں گے۔ ہیڈ کوچ اعجاز احمد ہوں گے جبکہ باؤلنگ کوچ کی ذمہ داری راؤ افتخار انجم اٹھائیں گے۔

جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئر مین سلیم جعفر کا کہنا تھا کہ میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جانتا ہوں جن کھلاڑیوں کو منتخب نہیں کیا گیا وہ مایوس ہوئے ہوں گے۔ تین کھلاڑیوں عماد بٹ جونیئر، اختر شاہ اور صائم ایوب کو انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

قومی ٹیم کا سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ روحیل نذیر (کپتان)، حیدر علی (نائب کپتان)، عامر خان، عباس آفریدی، عبد الواحد بنگلزئی، عامرعلی، اریش علی خان، فہد منیر، محمد حارث، محمد ہریرہ، محمد عرفان خان، محمد شہزاد، نسیم شاہ، طاہر حسین اور قاسم اکرم شامل ہیں۔