برطانوی ماہر کیوریٹر کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ، پچ کا معائنہ کیا

Last Updated On 08 January,2020 07:48 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی کے پچ کنسلٹنٹ اور برطانوی ماہر کیوریٹر اینڈی اٹکسن نے قذافی سٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کے بعد معیاری پچز کی تیاریوں پر نظریں جما لی ہیں، اس کے لیے برطانوی ماہر کیوریٹر اینڈی اٹکنسن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو چند روز قبل کراچی پہنچے تھے اور نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا تھا۔

برطانوی ماہر اینڈی ایکٹنسن آئی سی سی کے پیچ کنسلٹنٹ بھی ہے، غیر ملکی کیوریٹر نے چند روز قبل کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور سٹیڈیم میں پچز کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی کیوریٹر سے ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: معیاری پچز بنانے کی تیاریاں، برطانوی ماہر پاکستان پہنچ گئے

اس دوران برطانوی ماہر نے نیشنل سٹیڈیم کراچی کی خستہ حالی والی صورتحال دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔ آج انہوں نے قذافی سٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا اور حکام سے ملاقات کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے چند تصاویر شیئر کی، تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برطانوی ماہر اینڈی ایکٹنسن پچز کا معائنہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ برطانوی کیوریٹر پاکستان سینٹرز میں پچز کا جائزہ لیکر رپورٹ پی سی بی کو دیں گے۔ وہ پی سی بی کو تجاویز دیں گے کہ پچز کی کوالٹی میں کس طرح بہتری لائی جاسکتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان میں ایسی پچز تیار کی جائیں گی جس کے بعد پاکستان کو بیرون ملک بیٹنگ باؤلنگ میں مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔

یاد رہے کہ اینڈی پہلی بار 2001 میں پاکستان آئے تھے، 2004 اور 2006 میں بھارت کی سیریز کے لیے بھی وہ پاکستان آچکے ہیں۔