سرفراز احمد کو دوبارہ ٹی ٹونٹی کپتان بنانے کی آواز حکومتی ایوان سے اٹھنے لگی

Last Updated On 25 January,2020 10:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹونٹی میں نمبر ون بنانے والے سرفراز احمد کو ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کا کپتان بنانے کی آوازیں حکومتی ایوانوں سے اُٹھنے لگیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم پر بہت زیادہ دباؤ ہے لہذا اسے پریشر سے نکال کر شعیب اور حفیظ کے بعد سرفراز کو بھی واپس لانا چاہیے، سرفراز کو کپتان بناکر اس کمبی نیشن کے ساتھ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ جیتا جاسکتا ہے۔


فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ تسلسل کے ساتھ ہورہی ہے، ٹیسٹ کرکٹ کے بعد تمام کرکٹ کے دروازے مکمل طور پر کھل گئے ہیں، عمران خان نے کہا تھا کہ سارا پی ایس ایل لاہور میں ہورہا ہے، پاکستان کے لیے اچھی خبریں آرہی ہیں، پاکستان کو نمبر ون ملک سیاحتی ملک قرار دیا گیا ہے، اس سب میں کرکٹ کی بحالی کا ہاتھ ہے۔

پی ٹٰی آئی سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی کا وننگ کمبی نیشن نہ بدلنے کی باتیں سیاست دانوں نے کی تھیں، آج پھر سے وہی کمبینیشن ہیں شعیب اور حفیظ واپس آئے ہیں، ہم نے بس ٹیم کے کمبینیشن کو لے کر آواز اٹھائی تھی، کپتان ہی سب کچھ ہوتا ہے تو کپتان کو دیکھنا چاہیے کہ کون سا کھلاڑی ٹیم میں ہو، بابر اعظم کو پریشر سے نکالا جائے وہ نمبر ون بیٹسمین ہے، اسے کپتانی کے پریشر سے نکالیں اور سرفراز کو کپتانی میں واپس لیں آئیں، اگر سرفراز احمد بطور کپتان واپس آتے ہیں تو پاکستان ورلڈکپ جیت جائے گا۔

فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کرکٹ بورڈ کا بیڑہ غرق کردیا تھا، ٹیسٹ ٹیم کی سلیکشن پی ایس ایل کی کارکردگی کی بنیاد پر ہوتی رہی، انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی دور میں کرکٹ خراب ہوئی اب احسان مانی اور وسیم خان بہترین طریقے سے کام کرکے اس کو ٹھیک کرنے میں مصروف ہیں۔
 

Advertisement