مسلسل تین سنچریاں: عابد علی نے اظہر الدین کا ریکارڈ توڑنے کی ٹھان لی

Last Updated On 30 January,2020 09:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اُبھرتے ہوئے اوپننگ بیٹسمین عابد علی نے سابق بھارتی کپتان اظہر الدین کا ریکارڈ توڑنے کے لیے ٹیسٹ میچ کے دوران مسلسل تیسری سنچری بنانے کی ٹھان لی۔

پریکٹس میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوشش کروں گا کہ تیسری سنچری سکور کرکے اظہر الدین کا ریکارڈ برابر کروں۔

نوجوان اوپنر کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 2 ہفتے سے کیمپ جاری ہے، مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتروں گا۔ عابد علی کا مزید کہنا تھا کہ میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے اور ہر فارمیٹ میں کھیلنے کو تیار ہوں، اپنے پلان کے مطابق کرکٹ کھیلوں گا، کبھی مایوس نہیں ہوا اسی وجہ سے بہترین پرفارم کیا۔

ٹیسٹ اوپنر کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز کی طرح ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 7 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ میچز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔