پہلا ٹیسٹ: بنگلا دیشی ٹیم پانچ فروری کو اسلام آباد پہنچے گی

Last Updated On 30 January,2020 04:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کے دوسرے مرحلے کے دوران سیریز کے پہلے ٹیسٹ کیلئے مہمان ٹیم میچ شروع ہونے دو دن قبل پہنچے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلاد یش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے اختتام کے بعد مہمان ٹیم واپس اپنے ملک چلے گی، بنگال ٹائیگر نے سیریز کے دوسرے مرحلے میں ایک مرتبہ پھر پاکستان آنا ہے جہاں پر ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز گرین شرٹس کے نام رہی، پہلے دو میچز نتیجہ خیز رہے جبکہ سیریز کا آخری میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

دوسری طرف بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے دوسرے مرحلے کے دوران ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس میچ کھیلا گیا، پریکٹس میچ کے دوران بیٹسمین سمیت باؤلرز نے خوب تگ و دو کی، اس دوران بابر اعظم، شان مسعود توجہ کے مرکز رہے۔

پریکٹس میچ کے دوران مہلک باؤلنگ کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد موسیٰ نے باؤلنگ میں خطرناک عزائم ظاہر کیے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، بنگلا دیش کی ٹیم پانچ فروری کو اسلام آباد پہنچے گی جس کیلئے انتظامیہ اور وفاقی پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور رپورٹ وزارت داخلہ کو بھیج دی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پانچ سے 12 فروری تک اسلام آباد رہے گی ٹیم کی سکیورٹی کے لئے پاک آرمی اور رینجرز کے دستے تعینات کئے جائیں گے، فضائی سکیورٹی کے لئے دو ہیلی کاپٹر کام کریں گے۔ چار مختلف ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ رہے گی۔

قائد اعظم انٹرنیشنل ہسپتال، پمز ہسپتال، پولی کلینک اور پی اے ایف ہسپتال انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا، ہوٹل کے گردو نواح میں شارپ سنائپر تعینات کئے جائیں گے، سنائپرز کو نیو ائیر پورٹ سے ہوٹل تک گردو نواح میں تعینات رکھا جائے گا، پانچ سے 12 فروری تک فائر بریگیڈ اور ایمبولینسز سٹینڈ بائی رہیں گی۔