پی سی بی کی طرف سے عمر گل کے اعزاز میں تقریب، شیلڈ سے نوازا گیا

Last Updated On 27 January,2020 06:50 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے فاسٹ باؤلر عمر گل کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کے موقع پر چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے فاسٹ باؤلر عمر گل کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا۔

عمر گل نے انگلینڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2009ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین اوورز میں 6 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی تھی جو کہ اس وقت ایک عالمی ریکارڈ تھا۔ عمر گل نے ایونٹ میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ میگا ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

عمر گل کا یہ ورلڈ ریکارڈ اگست 2001ء میں سری لنکا کے اجنتھا مینڈس نے اس وقت توڑا جب انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف پالی کیلے میں 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں فی الحال بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ بھارت کے دیپک چہار کے پاس ہے انہوں نے بنگلا دیش کے خلاف نومبر 2019ء میں 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

عمر گل نے 2013ء میں ایک بار پھر ٹی ٹونٹی کرکٹ کے ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھی، انہوں نے سنچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف چھ رنز کے عوض پانچ وکٹیں کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

اس موقع پر عمر گل کا کہنا تھا کہ اپنے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ کامیابیاں سمیٹنے کی کوشش کی، پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معترف ہیں جنہوں نے خدمات کے اعتراض میں اعزاز سے نوازا۔ کرکٹ بورڈ میں تبدیلی واضح ہے۔ یہاں ملک کی خدمت کرنے والے کرکٹرز کو نوازا جانا خوش آئند ہے۔
 

Advertisement