دو سیریز سے اندازہ ہوا کہ ٹیم کو سینئرز کی ضرورت ہے: مصباح الحق

Last Updated On 27 January,2020 06:30 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے بہت محنت کرنا پڑے گی جس کے لیے ہمیں ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔

بنگلا دیش کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دو سیریز (سری لنکا اور آسٹریلیا) سے اندازہ ہوا کہ ٹیم کو سینئرز کی ضرورت ہے۔ بنگلہ دیش سے سیریز جیتنا بہت اہم تھا، ورلڈ کپ کے لیے ابھی بہت وقت ہے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے خلاف قومی ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی، میچ میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں کارکردگی نمایاں رہی۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اہم ایونٹ ہوگا۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا تھا شعیب ملک اور حفیظ کا کیریئر ختم نہیں ہوا، جب تک کوئی کھلاڑی فٹ، فارم میں ہو کھلانا چاہئے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ملک اور حفیظ کا تجربہ ٹیم کے کام آرہا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اسپنرز کو کھیلنے میں مشکل ہوئی، آج موسیٰ، عماد بٹ اور عثمان قادر کو کھلانے کا پلان تھا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ پی ایس ایل کے بعد دو ماہ کا وقت ہوگا جب کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں 2-0 سے کامیابی حاصل کی، سیریز کا آخری میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا، مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بابر اعظم کے نام رہا۔
 

Advertisement