بگ بیش لیگ: حارث رؤف کی شاندار باؤلنگ کا سلسلہ جاری، ملبورن نے سڈنی تھنڈرز کو ہرا دیا

بگ بیش لیگ: حارث رؤف کی شاندار باؤلنگ کا سلسلہ جاری، ملبورن نے سڈنی تھنڈرز کو ہرا دیا

تفصیلات کے مطابق میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں میلبورن سٹارز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

مارکوس سٹوئنس نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 3 چھکوں اور7 چوکوں کی مدد سے 83 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نک لارکن نے 49 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 83 رنز بنائے۔

سڈنی تھنڈرز کی جانب سے ڈینیل سیمز سب سے مہنے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 41 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ کرس مورس نے 4 اوورز میں 30 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں سڈنی تھنڈرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز ہی بنا سکی اور یوں میلبورن سٹارز نے 28 رنز سے میچ جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

سڈنی تھنڈرز کی جانب سے ایلکس روز نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے جبکہ عثمان خواجہ 23، کرس مورس 21، ارجن نائر 30 اور جے لینٹن 10 رنز بنا سکے۔

ملبورن سٹارز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر حارث رﺅف نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 17 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نتھن کولٹرنیل اور ایڈم زامپا نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔