کراچی: (روزنامہ دنیا) پی ایس ایل سیزن پانچ کے دوسرے میچ میں ایک نیا پنڈورا بکس کھل گیا جب ڈگ آؤٹ میں موجود کراچی کنگز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق وسیع آزادانہ موبائل فون کا استعمال کرتے دکھائی دئیے، جس کی ممانعت ہے۔
کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ میں یہ تنازع کھڑا ہونے پر جب اس حوالے سے پی سی بی ترجمان سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ طارق وسیع کراچی کنگز کے منیجر ہیں جن کو ہنگامی صورتحال میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت ہوتی ہے تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ میچ کے آغاز سے قبل پی سی بی کی فراہم کی جانے والی پلیئنگ الیون شیٹ پر منیجر کا نام نوید رشید درج ہے جن کے دستخط بھی پلیئنگ الیون شیٹ پر موجود ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ منیجر کی حیثیت سے نوید رشید ہی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں مگر حیران کن امر یہ ہے کہ کسی کے علم میں لائے بغیر کراچی کنگز نے آخر نوید رشید کی جگہ طارق وسیع کی تقرری کس طرح کر دی۔
پی ایس ایل کے آغاز سے ایک روز قبل قومی بیٹسمین عمر اکمل کو مبینہ طور پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کی بنیاد پر معطل کیا گیا اور ایسے حالات میں ڈگ آؤٹ میں موجود کسی ٹیم آفیشل کا مسلسل موبائل فون کا استعمال شکوک کا باعث بنا ہے۔ پی سی بی کا موقف ہے کہ قانون کے مطابق ہنگامی صورتحال میں منیجر پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ سے رابطہ کر کے موبائل فون استعمال کر سکتا ہے جبکہ حتمی پلیئنگ الیون کی شیٹ پر انتظامیہ کے کسی بھی آفیشل کے دستخط ہو سکتے ہیں۔