لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے شروع ہوتے ہی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں آگے بڑھنے کی دوڑ کا بھی آغاز ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے پہلے مرحلے کا اختتام ہو گیا جس میں پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست ہیں، وفاقی دارالحکومت کی ٹیم نے اب تک تین میچ کھیلے جن میں سے دو جیتے جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس وقت کوئٹہ اور اسلام آباد یونایئٹڈ کے برابر ہیں تاہم شاداب الیون بہترین رن ریٹ (0.295) کی وجہ سے سرفہرست ہے۔
دوسرے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے جس نے اپنے تین میچز کے دوران دو میں فتح حاصل کی جبکہ ایک میچ ہارا۔ سرفراز الیون کا رن ریٹ (0.124) ہے۔
تیسرے نمبر پر پشاور زلمی ہے جس نے دو میچز کھیلے ایک جیتا اور ایک ہارا جبکہ ملتان سلطان نے بھی اتنے ہی میچزکھیلنے کے بعد ایک میچ جیتا اور ایک میں شکست ٹیم کا مقدر بنی۔
پانچویں نمبر پر کراچی کنگز ہے جس نے دو میچ کھیلے ایک جیتا اور ایک ہارا، لاہور قلندرز کی ٹیم اس وقت چھٹے نمبر پر ہے، دو میچ کھیلے دونوں میں شکست ان کا مقدر بنی۔
واضح رہے کہ 20 فروری کو پہلے میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی، دوسرا میچ 21 فروری کو کھیلا گیا، کراچی کنگز نے مد مقابل ٹیم پشاور زلمی کو 10 رنز سے زیر کیا۔
تیسرے میچ میں لاہور اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جہاں سلطانز نے قلندرز کو 5 وکٹوں سے ٹھکانے لگایا، چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے پچھاڑا۔ اس میچ کی اہم بات کامران اکمل کی شاندار سنچری تھی۔
ایونٹ کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔ چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے زیر کر لیا۔
پہلے مرحلے کے آخری میچ میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز میچ کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے ہرایا تھا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایونٹ کے دوران بلے بازوں میں لیگ کی پہلی سنچری داغنے والے کامران اکمل انفرادی ٹوٹل کے ساتھ ٹاپ پر ہیں، ان کے دو میچز میں 144 رنز ہیں۔
ہائی سکور کیٹیگری میں بھی پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹسمین 101 رنز کی انفرادی بڑی اننگز کے ساتھ نمبر ون ہیں۔
دوسرے نمبر پر لاہور قلندرز کے سینئر بیٹسمین محمد حفیظ ہیں جنہوں نے گزشتہ رات اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 98 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔
بولنگ کی بات کریں تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان بولر محمد حسنین نے 7 شکار کیے اور وہ سب پر چھائے ہوئے ہیں، ان کی بہترین باؤلنگ 25 رنز کے عوض چار وکٹیں ہیں۔
ٹیموں کے بڑے ٹوٹل میں کراچی کنگز سب سے آگے ہے، کنگز نے لیگ کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی کے خلاف 4 وکٹ کے نقصان پر 201 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا۔
اُدھر پی ایس ایل فائیو میں تین ٹیموں کو سلو اوور ریٹ پر جرمانہ ہوا جبکہ ٹیکنالوجی کی خرابی کا اعتراف کیا جس کے باعث دیوانوں کا مزہ کرکرا ہوا
چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلوں کا ایک مزہ یہ بھی ہے کہ ٹیموں کو مقررہ وقت میں میچ ختم کرنا ہوتا ہے، گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز نے مقررہ وقت میں دو اوور کم کیے، اس لیے ضابطے کی خلاف ورزی پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میچ فیس کا 10.10 فیصد جرمانہ کر دیا گیا جبکہ ساتھ ہی وارننگ بھی دی گئی۔
ادھر قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز کی ٹیم کو صرف شکست کی کڑوی گولی ہی نہیں نگلنا پڑی بلکہ انہیں بھی سلو اوور ریٹ پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔ سہیل اختر کی ٹیم نے مقررہ وقت سے ایک اوور کم کیا جس پر تمام کھلاڑیوں کو میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ عائد کیا۔
دوسری طرف لاہور قلندرز کو ساتھ ہی وارننگ کی گئی کہ ایونٹ میں پھر کسی میچ میں ضابطے کی ایسی خلاف ورزی کی گئی تو جرمانہ ڈبل یعنی بیس بیس فیصد میچ کٹوتی ہو گی۔
لیگ سے جڑی ایک اور خبر یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےبولر نسیم شاہ کی گیند بابر اعظم کے بلے کا باہری کنارے کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر کے گلوز میں گئی جس پر اپیل کے بعد ریویو لیا گیا۔
ٹیکنالوجی خراب یعنی سنیکو سسٹم کے آؤٹ آف آرڈر ہونے کے باعث یہ آؤٹ نہیں دیا گیا ،،، جس کا اعتراف میچ ریفری روشن ماہانامہ نے بعد کیا کہ الٹرا ایج ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کراچی کنگز کے بابراعظم کے خلاف لیا گیا ریویو برقرار رہا تھا۔