پی ایس ایل2020ء: کرونا کے باعث میچز منتقلی کیلئے حکومت سندھ کی تجویز پر عمل کرینگے: پی سی بی

Last Updated On 10 March,2020 07:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے باقی میچز کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کیلئے پی سی بی نے حکومتی تجویز پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر میں عوامی اجتماعات اور پی ایس ایل طرز کے ایونٹ پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی ہے۔

پی ایس ایل فائیو کے پانچ میچز ہونا باقی ہیں لیکن اس سے قبل ہی محکمہ صحت نے کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے باعث صوبائی حکومت سے شہر میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔

کراچی میں محکمہ صحت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھی شرکت کی اور اس دوران کراچی میں ہونے والے میچز کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔

اس حوالے سے ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام سندھ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وہ حکومت کے ساتھ اجلاسوں میں بھی شریک ہیں۔ حکومت کی جو بھی ہیلتھ ایڈوائزری ہو گی اس پر پی سی بی مکمل عملدر آمد کرے گا۔

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے اور سٹیڈیم میں شائقین کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے پاکستان سپر لیگ کے میچز کی کراچی سے منتقلی افواہیں زیر گردش تھیں لیکن آج وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں نے میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں کرانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس پر ٹاسک فورس کا اجلاس منگل کو منعقد ہوا جس میں وزیر صحت، وزیر بلدیات، مشیر قانون، میئر کراچی، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری، کمشنر کراچی، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری صحت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل میچز کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں، میچ سے قبل سٹیڈیم کی فیومیگیشن کی جائے گی جبکہ سکیورٹی کےساتھ تھرمل سکریننگ بھی جائے گی۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا کہ کسی کھلاڑی نے خدشات کا اظہار نہیں کیا، سب کو اپنی حفاظت کے حوالے سے تحفظات ہوتے ہیں، ابتدائی طور پر دو کیسز کراچی اور دو اسلام آباد میں آئے لیکن راولپنڈی میں میچز منعقد ہوئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کھلاڑیوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کریں گے اور حفاظتی اقدامات کے طور پر رول ماڈل تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دیگر ملکوں کی طرح تماشائیوں کے بغیر میچز کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ میچز کی کراچی سے منتقلی کا معاملہ کبھی بھی زیر بحث نہیں آیا اور حفاظت کو اولین ترجیح دیں گے۔

کراچی سے میچز کی منتقلی کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں ذاکر خان نے کہا کہ اس بات کا انحصار سندھ حکومت پر ہے، اگر انہیں لگے گا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے چیزیں ان کے اختیار میں نہیں ہیں ہم پھر ان کی ہدایات پر عمل کریں لیکن جب تک ان کی طرف سے کوئی تجویز نہیں آتی اس وقت تک یہ بات نہیں ہو سکتی۔