کرونا خطرہ: پی ایس ایل کے کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے واپسی کی سیٹیں کنفرم کرا لیں

Last Updated On 13 March,2020 02:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل فائیو سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑا اعلان کرتے ہوئے تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کا آپشن دے دیا جس پر کچھ کھلاڑیوں نے وطن واپس لوٹنے کا فیصلہ کر لیا۔

کرونا وائرس کے پیش نظر سپر لیگ کیلئے آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کو فری ہینڈ ملنے کے بعد انہوں نے واپسی کیلئے سیٹیں کنفرم کروا لیں، پشاور زلمی کےلیونگسٹن، ڈاوسن، کارلوس بریتھ ویٹ کی واپسی ہو گی۔ پشاور زلمی کے ہی گریگری اور ٹام بینٹن بھی واپس جانے والوں میں شامل ہیں جبکہ ملتان سلطان کے وینس ریلی روسو بھی وطن واپس چلے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کھلاڑیوں کو واپس جانے کا آپشن دیا تھا اور اس حوالے سے تمام فرنچائزز کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا۔ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کا پریکٹس سیشن آج دوپہر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول تھا۔