لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق پاکستانی کپتان یونس خان نے بلے بازی بارے مشوروں سے تنگ آکر میری گردن پر چھری رکھ دی تھی۔
یہ الزام انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں عائد کیا۔ گرانٹ فلاور کا کہنا تھا کہ یونس خان ایک سخت مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ مجھے ابھی تک یاد ہے کہ برسبین میں ہم ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے کہ ناشتے پر میں نے انھیں کچھ بیٹنگ مشورے دینا چاہے حالانکہ ان کا کیرئیر مجھ سے کہیں زیادہ بہتر تھا۔
گرانٹ فلاور کا کہنا تھا کہ یونس خان کو میرا مشورہ دینا برا لگا اور چھری اٹھا کر میری گردن پر رکھ دی۔ اس موقع پر وہاں موجود مکی آرتھر نے ہمارے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔ اپنے اس انٹرویو میں گرانٹ فلاور نے پاکستان کے سابق اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کا ذکر بھی کیا کہ وہ سرکش بلے باز ہیں۔
خیال رہے کہ گرانٹ فلاور نے 2014ء سے 2019ء تک پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دی تھیں۔ ان کے دور میں ہی بابر اعظم، فخر زمان اور امام الحق جیسے کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنے تھے۔