پاکستان ویمنز ٹیم کے سکواڈ میں شامل ایک رکن کا کووڈ19 ٹیسٹ مثبت آ گیا

Published On 09 October,2020 09:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ویمنز کھلاڑی کی دوسری کووڈ 19 ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی، سکواڈ میں شامل ایک رکن کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ سانس کی تکلیف کے باعث دو اراکین بائیو سیکیور ببل سے دستبردار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کے لیے طلب کردہ ایک خاتون کھلاڑی کے کووڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے، اس خاتون کرکٹر کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔

دوسری طرف کیمپ کے لیے طلب کردہ ایک خاتون کرکٹر اور سپورٹ سٹاف میں شامل ایک رکن میں سانس کی تکلیف کی علامات کی تشخیص ہوئی ہے جس کے باعث سکواڈ میں شامل یہ دونوں اراکین بائیو سیکیور ببل سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ یہ فیصلہ کیمپ میں موجود دیگر کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی صحت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

پی سی بی کا میڈیکل پینل ان تینوں اراکین سے مسلسل رابطے میں رہے گا، انہیں کووڈ 19 کے مسلسل دو ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آنے کی صورت میں دوبارہ کیمپ جوائن کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

اس دوران دو آفیشلز نے اب تک سکواڈ کو جوائن نہیں کیا، ایک رکن کادوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ آج جبکہ دوسرے کا اتوار کو کیا جائے گا۔

رپورٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں کیمپ جوائن کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ کراچی میں لگائے گئے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں شریک خواتین کرکٹرز 10 اکتوبر بروز ہفتہ سے اپنی ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔