جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) کرکٹ ساؤتھ افریقا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ان کا ایک وفد کھیل کی سرگرمیوں اور سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
اگر تمام معاملات طے پا جاتے ہیں تو یہ جنوبی افریقا کی ٹیم کا 12 سال بعد پاکستان کا دورہ ہوگا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 2007ء میں پروٹیز نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
تاہم دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ تینوں ایک روزہ انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ ٹور ابتدائی طور پر رواں سال ستمبر،اکتوبر میں شیڈول تھا۔ جسے جنوبی افریقہ میں کوویڈ 19 کے پھیلائو کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
پاکستان نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دورہ زمبابوے پر بھی آمادگی ظاہر کردی ہے۔ 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل دورے کی حتمی تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔