پاکستان سپر لیگ، باقی چار میچز کیلئے 21 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت یقینی

Published On 03 November,2020 12:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ میں کرکٹ دیوانوں کو صبر کا میٹھا پھل ملنے لگا، باقی چار میچز کے لیے 21 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت یقینی ہو گئی، فاف ڈوپلیسی پہلی بار اِن ایکشن ہوں گے۔

شہر قائد میں رواں ماہ چودہ، پندرہ اور سترہ تاریخ کو پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا میلہ سجے گا، ٹائٹل مقابلے سمیت باقی چاروں میچز شیڈول ہیں جن میں 21 غیر ملکی کرکٹرز کی انٹری یقینی ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی کی پہلی بار شرکت یقینی بنائی گئی ہے، وہ ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ کی جگہ پشاور ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

جنوبی افریقہ کے 7، انگلینڈ کے 6، ویسٹ انڈیز کے 4، بنگلہ دیش کے 2 جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ایک ایک ستارے ایونٹ کو چار چاند لگائیں گے۔ سپر اسٹار فاف ڈوپلیسی کے علاوہ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کیمرون ڈیلپورٹ، ڈین ویلاز ، ڈیوڈ ویزے ، رائیلی روسو،عمران طاہر اور ہارڈس ولیجوئن بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

انگلش کرکٹرز میں ایلکس ہیلز، جیمز ونس، سمت پٹیل، ایڈم لیتھ، روی بوپارہ اور لیام لیونگ اسٹون شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن اور روتھر فورڈان میچز، کارلو س بریتھ ویٹ اور ڈیرن سیمی بھی نمائندگی کریں گے، روتھر فورڈ کو کرس جارڈن کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کے تمیم اقبال اور محمود اللہ جبکہ آسٹریلیا کے بین ڈنک اور نیوزی لینڈ کے مچل میکلینگھن جوہر دکھائیں گے۔