راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 279 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ اوورز میں سکور برابر کر دیا۔ میچ ٹائی ہونے کے بعد فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔
سپر اوور میں پاکستانی کھلاڑیوں نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 2 رنز بنائے۔ یوں زمبابوے کو جیت کیلئے صرف 3 رنز کا ٹارگٹ ملا جو مہمان کھلاڑیوں نے بغیر کسی پریشانی کے حاصل کرکے شاندار کامیابی اپنے نام کی۔
اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے تھے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ایس سی ولیمز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹیلر 56، سکندر رضا 45 اور میدھویری 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے شاندار باؤلنگ کی اور دس اوورز میں 42 رنز دے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وہاب ریاض کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
279 ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم میدان میں اتری لیکن اس کے دونوں ابتدائی کھلاڑی جلد ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم نے اس میچ میں بھی کیپٹن اننگز کھیلی اور 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 125 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
ان کے علاوہ وہاب ریاض اور خوشدل خان نے بھی خوب زور آزمائی کرتے ہوئے ٹیم کے سکور ہدف تک پہنچانے میں اہم ذمہ داری نبھائی۔ وہاب ریاض 52 جبکہ خوشدل خان نے 33 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں سکور 278 تک برابر کرنے میں کامیاب رہی۔ میچ ٹائی ہوا تو اس کا فیصلہ سپر اوور میں زمبابوے کے نام رہا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لڑکوں کی طرف سے کافی اچھی کارکردگی دیکھنے میں آئی ہے۔ میں ان سے مطمئن ہوں۔ ہر میچ میں آپ کچھ نہ کچھ سیکھتے ہیں۔ تینوں میچوں میں مختلف کمبی نیشن سے گیم کھیلی ہے۔