سپر لیگ: میچز سے قبل تمام ٹیموں کے پریکٹس سیشنز کا آغاز

Published On 11 November,2020 09:47 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان سپر لیگ 2020 کے پلے آف میچز اور فائنل 14 سے 17 نومبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ان چار میچز سے قبل تمام ٹیموں کے پریکٹس سیشنز کا آغاز ہو گیا ہے۔

گزشتہ روز دوپہر میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کا حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں پریکٹس سیشن ہوا جبکہ شام 6 بجے لاہور قلندرز نے نیشنل سٹیڈیم میں ٹریننگ کی۔ رات 7:30 بجے پشاور زلمی کا معین خان کرکٹ اکیڈمی میں انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ کا آغاز ہوا۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق آج شام 5:15 بجے نیشنل سٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے مابین پریکٹس میچ ہو گا۔ شام 6.45 بجے معین خان کرکٹ اکیڈمی میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین پریکٹس میچ ہو گا۔ جمعرات کو صبح 11.30 بجے، شام 5.15 بجے لاہور قلندرزاور پشاور زلمی کا نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس سیشن ہو گا جبکہ شام 6.45 بجے پرکراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا پریکٹس سیشن ہو گا۔