جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو نجی ائیرلائن سے پاکستان پہنچے گی

Published On 06 January,2021 05:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) 13 سال کے طویل عرصے کے بعد جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو نجی ائیرلائن سے پاکستان پہنچے گی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کا شیڈول دنیا نیوز نے حاصل کر لیا۔ سی اے اے حکام کے مطابق جنوبی افریقہ ٹیم 16 جنوری کو نجی ائیرلائن سے پاکستان پہنچے گی۔

سی اے اے حکام نے مزید بتایا کہ پروٹیز کے27کھلاڑیوں سمیت ٹیم مینجمنٹ کے 11 افراد پاکستان آئیں گے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افریقہ کرکٹ ٹیم کو بذریعہ برطانیہ آنے کی اجازت دے دی۔

حکام کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ کا پاکستان پہنچے پر کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا، پاکستان آمد پر افریقی کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں بھی رکھا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹی ٹوینٹی میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔