کورونا وائرس:سپوتنک 5ویکسین کی پاکستان میں رجسٹریشن کیلئے روس کی دلچسپی

Published On 05 January,2021 05:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) روسی ڈائریکٹ انوسمنٹ فنڈ کے سربراہ نے سپوتنک فائیو ویکسین کی پاکستان میں رجسٹریشن میں دلچسپی لیتے ہوئے اس سلسلے میں انہوں نے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے نام خط لکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فیصل سلطان کے نام لکھے گئے خط میں روس نے کورونا ویکسین رجسٹریشن کی تفصیلات مانگتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سپوتنک فائیو ویکسین کے اولین بیچ کی ڈیمانڈ سے آگاہ کرے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سپوتنک فائیو دنیا کی اولین رجسٹرڈ کورونا ویکسین ہے جو ہنگامی استعمال سرٹیفیکیٹ کی حامل اور وبائی مرض کیلئے 91.4 فیصد موثر ہے۔ یہ دوا فروری 2021ء میں عوامی سطح پر دستیاب ہوگی۔

روس کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سپوتنک فائیو کی خوراک قیمت 10 ڈالر سے کم ہوگی۔ اس دوا کو دیگر ویکسین کے مقابلے میں ذخیرہ کرنا آسان ہے۔

روسی ڈائریکٹ انوسمنٹ فنڈ کے سربراہ کیرل دیمیتروف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سپوتنک فائیو ویکسین منفی دو تا آٹھ درجہ حرارت پر ذخیرہ ہو سکے گی جبکہ یہ دوا دیگر ویکسینز کے مقابلے میں سستی ہے۔

کیرل دیمیتروف نے خط میں لکھا ہے کہ روس کی سپوتنک فائیو ویکسین کو اگست 2020ء میں رجسٹر کیا گیا تھا جبکہ روس میں اس کے محدود استعمال کا آغاز گزشتہ سال نومبر 2020ء میں ہوا تھا۔
 

Advertisement