انگلش بیٹسمین معین علی بھی کورونا وائرس کا شکار، قرنطینہ کر لیا

Published On 04 January,2021 07:28 pm

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں موجود انگلش ٹیم کے کھلاڑی اور باریش بیٹسمین معین علی کورونا وائرس کی زد میں آ گئے، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہےکہ دورہ سری لنکا کے لیے ہمبنٹوٹا ائیرپورٹ پہنچنے پرکھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا جن میں سے معین علی کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

کورونا مثبت آنے کے بعد معین علی 14 جنوری سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے اور انہیں سری لنکن حکومت کےقانون کے مطابق 10 دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امکان ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں کورونا ختم ہونے کی صورت میں معین علی شریک ہوسکیں گے۔

بورڈ کے مطابق کرس ووکس ان کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے تھے اس لیے انہیں بھی آئسولیشن کے علاوہ مزید ٹیسٹوں سے گزرنا پڑے گا۔

معین انگلینڈ کے 18 رکن سکواڈ کا حصہ ہیں جو سری لنکا کے ساتھ دو ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکا پہنچا ہے۔ گال میں ہونے والی یہ سیریز 14 جنوری سے شروع ہو رہی ہے۔

ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کا منگل کے روز دوسری بار ٹیسٹ کیا جائے گا جب کہ ٹیم پہلے تربیتی سیشن میں بدھ کو حصہ لے گی۔

کورونا وائرس کے باعث انگلینڈ کو جنوبی افریقہ کا دورہ بھی مختصر کرنا پڑا تھا، اس کے بعد سری لنکا میں مارچ میں ہونے والی سیریز کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔

انگلینڈ میں کورونا کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد سری لنکا میں انگلینڈ سے آنے والی پروازوں پر پابندی کے باوجود انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے چارٹرڈ طیارے کو داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔

Advertisement