کراچی: خواتین کی لاشیں ملنے کا معمہ حل، دونوں کا غیرت کے نام پر قتل

Last Updated On 10 May,2018 10:26 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کوثر نیازی کالونی سے 2 خواتین کی لاشیں ملنے کا معمہ حل ہوگیا، دونوں خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس نے دہشتگردی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق رابعہ کے اہلخانہ نے استانی نسرین کو گھر بلا کر قتل کیا، اس کے بعد گھر والوں نے ہی رابعہ کو بھی قتل کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق رابعہ کو سر میں اور نسرین کے سینے پر گولیاں ماری گئیں۔ واردات کے بعد رابعہ کے اہلخانہ نے واقعے کو خود کشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ ظاہر یہ کیا گیا کہ استانی نسرین نے رابعہ کو گولی مار کر خود کشی کی، نسرین اور رابعہ کی لاشیں تین دن پہلے گھر سے ملی تھیں۔

ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کے مطابق رابعہ نسرین کے بھائی کو پسند کرتی تھی جبکہ نسرین بھی رابعہ کی شادی اپنے بھائی سے کرانا چاہتی تھی، شبہ ہے کہ دونوں خاندانوں کے افراد نے قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے آپس میں جرگہ کر کے ایک دوسرے کو معاف کیا ہو۔ پولیس نےسرکار کی مدعیت میں دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔