فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں 7 سالہ بچی کو نامعلوم افراد نے اغواء کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ پوسٹمارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی ثابت ہونے پر اہل علاقہ کا سمندری روڈ پر شدید احتجاج، سفاک درندے کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
فیصل آباد میں انسان نما درندے نے سمن آباد سے تعلق رکھنے والی 7 سالہ فضا نور کو اغواء کر کے زیادتی کے بعد قتل کر دیا۔ معصوم ننھی کلی کے قتل کی لرزہ خیز واردات سے ناصرف پورا شہر غم میں ڈوب گیا بلکہ شہری بھی شدید خوف کا شکار ہیں۔ فضا کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں زیادتی ثابت ہونے کے بعد اہل علاقہ مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے، ڈنڈا بردار مظاہرین نے دکانیں زبردستی بند کروا دیں۔ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق فضا کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ ڈی این اے کیلئے نمونے لاہور لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب مظاہرین نے پولیس کو انسانی لبادہ اوڑھے درندہ صفت ملزم کی گرفتاری کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔