فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام، پولیس نے لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔
فیصل آباد کے علاقے سمن آباد سے سوموار کے روز 7 سالہ فضا کو اغواء کے بعد زیادتی کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ ملزم فضا کی لاش رضا آباد کے علاقے میں پھینک کر فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف اغواء، زیادتی اور قتل کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج کیا تھا۔ بچی کے پوسٹمارٹم رپورٹ میں زیادتی بھی ثابت ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد میں 7 سالہ بچی کا زیادتی کے بعد قتل
فضا کو قتل کرنے والے ملزم عبدالرزاق کو بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق فیصل آباد پولیس کے اہلکار ملزم کو لاہور سے لانے کے لیے بجھوا دیے گئے ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عبد الرزاق فضا کے چاچو کا دوست ہے۔